امید ہے اسی ماہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا، شہباز شریف

وزیراعظم نے گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کا افتتاح کردیا
کیپشن: The Prime Minister inaugurated the Green Line Express train service

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب میں کہا ہے کہ امید ہے کہ اسی ماہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا اور ہم مشکلات سے نکل جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس دہانے پر کھڑا ہے جہاں ایک ایک پائی بچارہے ہیں، یہ ایک مشکل وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے امید ہے کہ اسی مہینے معاہدہ ہوجائے اور مشکلات سے باہر ہوجائیں گے، ہمیں بہت مشکل حالات میں حکومت ملی لیکن اتحادی حکومت اس ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امپورٹ میں کس کوفوقیت ہونی چاہیے ہم نے اس کی فہرست بنائی ہے، اس میں کھانے پینے کی اشیا اورادویات سمیت دیگر چیزیں فہرست میں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کب تک دوسروں کے سہاروں پر چلیں گے؟ سفر مشکل ضرور مگر ناممکن نہیں لیکن شرط ہے قربانی اور ایثار سے کام لینا ہوگا اور دن رات محنت کرنا ہوگیا، یہ ملک خداداد آگے بڑھے گا۔

دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے مارگلہ ریلوے سٹیشن اسلام آباد میں گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نےاس موقع پر ٹرین میں سفری سہولیات کاجائزہ لیا ۔ اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیر اعظم کو ٹرین بارے بریفنگ دی ۔

بتایا گیا ہے کہ جدید سہولیات سے آراستہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین اسلام آباد سے کراچی براستہ پاکستان ریلویز مین لائن ون پیسنجر سروس مہیا کرے گی۔

ذرائع کے مطابق یہ ٹرین سروس راولپنڈی، چکلالہ، لاہور، خانیوال، بہاولپور، روہڑی، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ ریلویز اسٹیشنز پر رکے گی۔