ایک نیوز: سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی فیملی کے ڈیٹا لیک کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے گرفتار 3 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری درخواست پر سماعت ہوئی۔ جہاں عدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔
خصوصی عدالت نے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ اسپیشل جج سنٹرل اعظم خان نے ضمانت منظور کی۔ عدالت نے ملزمان کو 50،50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔ ایف بی آر ملازمین شہزاد نیاز، ارشد علی، عدیل اشرف ملزمان میں شامل ہیں۔
ایڈوکیٹ سردار تیمور اسلم و دیگر وکلا نے ملزمان کی جانب سے کیس کی پیروی کی۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ قائم کر رکھا ہے۔