ایک نیوز: کھیل میں ہر کھلاڑی پر اچھا اور برا وقت آتا رہتا ہے، کرکٹ میں بھی کھلاڑی کبھی رنز کے انبار لگاتے ہیں تو کبھی لمبے وقت تک بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بُرا وقت بھارتی کپتان روہت شرما پر بھی آیا جو بنانے پر آئے تو ڈبل سنچریاں اسکور کر ڈالی لیکن گزشتہ 3 سال سے ان کا بلا خاموش رہا اور وہ ون ڈے کرکٹ میں سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے۔
لیکن بھارتی کپتان روہت شرمانے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کی اور اپنے مداحوں کو خوش کر دیا۔بھارتی کپتان کے فینز نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی جانب سے 3 سال بعد ون ڈے میں سنچری اسکور کرنے کی خوشی میں غریبوں میں کھانا تقسیم کیا ۔ روہت شرما کے کم بیک کرنے کی خوشی میں این جی او چلانے والے ان کے مداحوں نے پلاسٹک کے باکس میں کھانا ڈال کر غریب بچوں میں تقسیم کیا۔
سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ کھانے کا باکس پکڑے ہوئے ہے جبکہ اس ڈبے پر 'روہت شرما کی کم بیک سنچری' لکھا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 386 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا تھا جس میں کپتان روہت شرما نے ون ڈے کیریئر کی 30 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 101 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ شبمن گل نے بھی 112 رنز بنائے۔
واضع رہے کہ اس سے قبل روہت شرما نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں آخری سنچری 2020 میں آسٹریلیا کے خلاف اسکور کی تھی۔بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں 90 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کی ہے۔