ویب ڈیسک:لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق6پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچ گئیں۔
وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میتیوں کو وصو ل کیا، میتیوں میں مصور حسین، شعیب علی، عابد حسین، شعیب حسین، مصائب حسین تھے۔
ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعے پر لواحقین کے غم میں شریک ہیں، 5فروری کو پیش آنے والے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں ڈال دیا، اسی طرح لیبیا میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کیلئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوںنے کہا کہ نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ ایسے خطرناک راستے اختیار نہ کریں اور قانونی ذرائع ہی کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کریں۔
واضح رہےکہ 5فروری کو سمندر کے راستے لیبیا سے اٹلی جانے والی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا، حادثے میں26پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے جن میں 16کی شناخت ہوئی جبکہ10تاحال لاپتہ ہیں۔

کیپشن: Libya boat accident, dead bodies of 6 Pakistanis reached home