ایک نیوز:احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی۔
تفصیلات کےمطابق راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے دلائل دیئے،نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی استداء کی گئی تھی ،عدالت نے دونوں ملزمان کی موجودگی میں فرد جرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا چالان کی جو کاپیاں فراہم کی گئی وہ پڑھنے کے قابل نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے چالان کاپیاں دوبارہ فراہم کرنے کی استدا کی ، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا بانی پی ٹی آئی پر عائد الزامات کلئیر نہیں ہے، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو روسٹرم پر طلب کر لیا، عدالت نے کہا سرکاری وکلاء آپ پر چارج فریم کرنا چاہتے ہیں۔ آپ بتائیں جو الزامات آپ پر عائد ہیں وہ درست ہیں یا نہیں، بانی پی ٹی آئی نےجواب دیا مجھے پڑھنے کی ضرورت نہیں مجھے معلوم ہے کہ معاملہ کیا ہے۔ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے 5 گواہان کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔