اہل پاکستان دینی ورثے کے امین ہیں،عمران خان 

اہل پاکستان دینی ورثے کے امین ہیں،عمران خان 
کیپشن: The people of Pakistan are the trustees of religious heritage, Imran Khan

ایک نیوز :چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاکہنا ہے کہ اہلِ پاکستان ایک بے مثال تہذیبی و دینی ورثے کے امین ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں معروف مذہبی سکالر علامہ شہنشاہ نقوی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں علامہ شہنشاہ نقوی کی جانب سے تحفظِ ناموسِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کی خدمات کا برملا اعتراف  کیا۔ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے زریں اصولوں کی روشنی میں جدید فلاحی مملکت کی صورت میں ڈھالنے کے کلیدی فلسفہ و ہدف کو بھی سراہا ۔

 ملاقات میں قومی سیاسی معاملات، چیئرمین عمران خان کے تصورِ ریاستِ مدینہ اور تحریک انصاف کے مِلّی و ملکی تعمیر و ترقی کے فلسفے پر سیر حاصل گفتگو  ہوئی۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب بھی ملاقات میں موجود  تھے ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ اہلِ علم خصوصاً الہامی و تہذیبی علوم کے ماہرین سماج میں اقدار کے فروغ و تحفظ کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔رسولِ اکرم ﷺ  کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہمارے پاس کتاب و سنت کی صورت میں ہدایت کا ابدی سامان موجود ہے۔دینِ مبین سماج و سیاست اور معاشرت سے معیشت تک ہمیں بھرپور رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔اہلِ علم خانقاہوں اور دانشکدوں سے نکل کر میدانِ عمل میں قوم کی رہنمائی کریں ۔