ایک نیوز: تخت بھائی کے علاقے پیر سدو میں آئس نشے کے عادی پرنسپل نے زبانی تکرار پر گھر کے اندر اپنی بیوی اور جواں سال بیٹے پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ماں بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تخت بھائی کے علاقے پیرسدو میں آئس نشے کے عادی ایک ٹانگ سے معذور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کالام سوات کے پرنسپل شاہجہان ولد ریدی گل نے اپنی بیوی سے زبانی تکرار پر طیش میں آکر گھر میں موجود دو پستولوں سے فائرنگ شروع کی جس سے دونوں ماں بیٹا شدید زخمی ہوئے۔ریسکیو 1122 نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر دونوں زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ جہاں بیٹے بابر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پیرسدو کے سال اول کے طالبعلم نے ہسپتال میں پولیس کو بیان نزع دیکر ز خموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساجبکہ ماں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ایم ایم سی مردان منتقل کردی گئی۔شیر گڑھ پولیس اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی سرکل تخت بھائی بشیر خان یوسفزئی اور ایس ایچ او ریاض خان کی قیادت میں بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئی۔ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی اپنے گھر سے دونوں پستولوں سے پولیس پر فائرنگ شروع کی پولیس نے ملزم کو دونوں پستولوں سمیت گرفتار کرکے پولیس تھانہ شیر گڑھ منتقل کرکے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔اہلیان علاقہ کے مطابق ملزم شاہجہان خراب چال چلن کا حامل تھا اورعرصہ دراز سے خود بھی آئس کا نشہ کرتا تھا اور علاقے کے نوجوانوں کو بھی آئس نشے کے عادی بنانے کی کوشش کرتا تھا۔