ایک نیوز: شہباز گل کی جانب سے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ جس میں کیس پر کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں شہبازگِل کی جانب سے اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ شہبازگِل کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا کی عدالت میں دو درخواستیں دائر کی گئیں۔
شہبازگِل نے سپریم کورٹ میں ارشدشریف ازخود نوٹس کیس کے فیصلے تک سماعت روکنے کی استدعا کردی۔ شہبازگِل کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر کی گئی۔
درخوست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گوادر میں میرے خلاف مقدمہ درج ہوا جس کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کیاہے۔ آج بلوچستان ہائیکورٹ میں مقدمے کی سماعت کے لیے وہاں موجود ہوں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ بلوچستان ہائیکورٹ میں موجودگی کے باعث عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت زیرالتوا ہے۔ سپریم کورٹ کی مقرر کردہ خصوصی تفتیشی ٹیم ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ میرے خلاف مقدمہ میں مجسٹریٹ غلام مرتضی چانڈیو کا بیان بھی ریکارڈ کیاگیاہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خصوصی تفتیشی ٹیم ارشدشریف کے خلاف مختلف مقدمات کے ہمراہ میرے خلاف درج مقدمے کی تحقیقات بھی کر رہی ہے۔ میرے خلاف مقدمہ میں مرحوم ارشدشریف بھی شریکِ ملزم تھے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ جب تک سپریم کورٹ میں از خود کیس کا فیصلہ نہیں آتا تب تک میرے کیس کی سماعت مؤخر کی جائے۔
شہبازگِل نے دونوں درخواستیں اپنے وکیل برہان معظم کے ذریعے دائر کیں۔