ایک نیوز: بلوچستان کے شہر ہرنائی کے مائنز ایریا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر ہرنائی میں خوست کوئل مائنز ایریا میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کے ڈیرے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے۔
نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 11 کانیں بھی جل گئیں۔ جاں بحق کان کنوں میں نور خان، عبدالحنان، سیّد حنان اور عبدالرحمان شامل ہیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں باز محمد، سیّد اکرم اور شیر زمان شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز فورس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو خوست منتقل کیا جارہا ہے۔
عوام نے واقعے پر شدید احتجاج کیا oy۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے کول مائنز میں کام کرنے والے کان کنوں کی شہادتوں پر احتجاج کے دوران غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جانی نقصان ہوا۔ واقعے کی نوعیت کا تعین کرنے کیلئے تفتیش جاری ہے۔ عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔
ہرنائی : کوئلےکی کان کے قریب فائرنگ ،4 کان کن جاں بحق
Feb 27, 2023 | 15:38 PM