شمالی وزیرستان: دہشتگردوں سے جھڑپ، 2 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک

Feb 27, 2023 | 15:09 PM

ایک نیوز: شمالی وزیرستان میں فورسز سے مقابلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں کارروائی کی جس دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سےسپاہی عمران اللہ اورسپاہی افضل خان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثرطریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جب کہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کےقتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، بہادرجوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم کا جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقےسپین وام میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی عمران اللہ اور سپاہی افضل خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کیلئےدعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ 

اس کے علاوہ وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں آہنی دیوار ہیں۔پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکورٹی فورسز کے  شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

مزیدخبریں