ایک نیوز:لاہور، کوٹ لکھپت کے علاقے چونگی امر سدھو میں قتل کےخلاف احتجاج جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق دو روز قبل قتل ہونے والے شخص کے ملزم نہ پکڑے جانے پر لواحقین نے روڈ بند کرکے احتجاج کیا۔مظاہرین نے روڈ بلاک کر دی جس پر ٹریفک پولیس نے ڈائیورشنز لگا دی۔ احتجاج کی وجہ سے فیروزپور روڈ قینچی جانب لاہور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ سی ٹی او لاہور نے مظاہرین کو سائیڈ پر کرواکر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
واضح رہےکوٹ لکھپت میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 20سالہ طالب علم کو قتل کر دیا تھا۔ کوٹ لکھپت کے علاقے بوستان کالونی قینچی امر سدھو میں نامعلوم افرد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت ارسلان کے نام سے ہوئی تھی۔ طالب علم کو سر میں گولی لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا تھا اسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیا تھا۔ ملزمان کی شناخت کے لیے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے جبکہ واقعہ کی دیرینہ دشمنی سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔