راولپنڈی: وکیل پر تشدد کیخلاف ڈسٹرکٹ بار کا ہڑتال کا اعلان

راولپنڈی: وکیل پر تشدد کیخلاف ڈسٹرکٹ بار کا ہڑتال کا اعلان
کیپشن: Rawalpindi: District Bar announced a strike against violence against lawyers(file photo)

ایک نیوز: راولپنڈی میں وکلاء برادری نے ساتھی وکیل پر تشدد کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کا کچہری اور جوڈیشل کورٹ کمپلیکس میں داخلہ بھی بند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی کے خلاف آپریشن کے دوران وکیل پر تشدد کے معاملے پر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے ہڑتال کا اعلان کردیا۔ اس کے علاوہ کچہری اور جوڈیشل کورٹ کمپلیکس میں پولیس کا داخلہ بند کردیا گیا۔

ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وکلاء آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ عدالتیں کسی قسم کا آرڈر پیش نہیں کریں گی۔ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے آفیشل کمپلیکس کے باہر نوٹس آویزاں کردیا۔

اس کے علاوہ وکلاء نے جوڈیشل کورٹ کمپلیکس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وکلاء نے پولیس کے ناروا سلوک اور وکیل پر تشدد کے خلاف نعرے بازی کی۔ 

یاد رہے کہ ایڈووکیٹ وقاص صدیقی کو پولیس نے دو روز قبل تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تھانہ وارث خان کے علاقے میں پولیس نے آپریشن کے دوران وقاص صدیقی پر بہیمانہ تشدد کیا۔ پولیس نے ایڈووکیٹ وقاص صدیقی پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ وکلاء نے سی پی او راولپنڈی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔