کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کیلئے باضابطہ کمیٹی تشکیل

کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کیلئے باضابطہ کمیٹی تشکیل
کیپشن: Formation of a formal committee to implement the austerity campaign(file photo)

ایک نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے چند روز قبل اعلان کردہ کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے باضابطہ طور پر ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 7 رکنی کمیٹی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، وزیر آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ اور وزیر مملکت برائے بجلی ہاشم نوتیزئی شامل ہیں۔

کمیٹی 22 فروری کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی، تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کے پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر 27 فروری تک کمیٹی کے سامنے ان اقدامات کو نافذ کرنے کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔