عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

Feb 27, 2023 | 10:26 AM

ایک نیوز: عمران خان کیخلاف اقدام قتل کے مقدمہ میں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے اور کل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔متفرق درخواستوں پر محفوظ فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے سنایا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بابر اعوان نے کل عمران خان کی عدالت پیشی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بابراعوان نے کہا ہے کہ تھانہ سیکرٹریٹ کیس میں عمران خان کل عدالت پیش ہوں گے۔ عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق عمران خان کیخلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیس کی ضمانت میں کل تک توسیع کردی گئی۔ مدعی کے وکیل کی عمران خان کا پمز سے بطی معائنہ کرانے کی استدعا مسترد کردی گئی۔ اس کے علاوہ عمران خان کی توشہ خانہ کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ ایک کورٹ سے دوسری تک بھی بیٹھ سکیں۔ 

قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے  اقدام قتل کی دفعہ کے تحت تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمےکےکیس کی سماعت  ضلع کچہری سےجوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر درخواست دائرکی۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایجنسیوں کی رپورٹس کے تحت کچہری میں سکیورٹی الرٹ جاری ہے،  پہلے بھی دہشت گردی کے واقعات ہوچکے ہیں، عمران خان کے ساتھ عام شہریوں کو بھی ضلعی کچہری میں خطرہ ہے۔

وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کل اسلام آباد کی عدالتوں میں آئیں گے، دو کیسز جوڈیشل کمپلیکس اور  ایک ضلع کچہری میں ہے،کل توشہ خانہ کیس میں آپ کی عدالت میں عمران خان نے پیش ہونا ہے، وزیراعظم، چیف کمشنر، وزیرداخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے ضلعی کچہری میں سکیورٹی کی گارنٹی لیں۔

جج نے ریمارکس دیےکہ عدالت کو منتقل کرنےکا دائرہ اختیار میرے پاس بھی نہیں۔

بابر اعوان نے استدعا کی کہ تھانہ سیکرٹریٹ اور توشہ خانہ کیسز کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں کرلیں، تھانہ سیکرٹریٹ میں آج ضمانت میں توسیع کا فیصلہ بھی کل تک مؤخرکرلیں۔

جج نے سوال کیا کہ کیا عمران خان نےکل آنا ہے میری عدالت میں؟ اس پر وکیل بابر اعوان نےکہا کہ عمران خان نے آپ کی عدالت میں آنا ہے، عمران خان تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمے میں حاضری دینا چاہتے ہیں۔

دوران سماعت جج نے عمران خان کی درخواست درست کرنےکی ہدایت کردی، جج نے ریمارکس کیےکہ درخواست میں عمران خان نے لاہور جانا ہے لکھا ہے۔

وکیل مدعی نےکہا کہ عمران خان کل آرہے ہیں تو آج بھی آسکتے تھے۔

عدالت کے استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ  یو ایس بی نادرا کو بھجوائی ہے،کچھ بھی نہیں نکلا، ویڈیو کلپس میں عمران خان نہیں ہیں، وہ موقع پر موجود ہی نہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے تفتیشی افسر پر اظہار برہمی کرتے ہوئےکہا کہ دفعہ 109 کی حد تک مجھے تفتیش چاہیے،10 بجے تک لا کر دیں، عمران خان کی درخواستوں پر بھی 10 بجے فیصلہ کروں گا۔

عمران خان کیس میں گنہگار ہیں یا نہیں؟ عدالت نے تفتیشی افسرکو 10 بجے تک رپورٹ دینے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست اور  تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے کی ضمانت پر فیصلہ کل تک مؤخر کرنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

مدعی وکیل کی عمران خان کی ضمانت خارج اورپمز سے طبی معائنہ کروانے کی درخواست  پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزیدخبریں