لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Feb 27, 2023 | 13:42 PM

ایک نیوز:  اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے اور نفرت پھیلانے کا کیس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے  لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب کو مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ تفتیشی افسر کی جانب سے امجد شعیب کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ امجد شعیب کے فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے ہیں۔ فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ لاہور سے کرایا جائے گا۔ 

قبل ازیں عدالت میں پراسیکوٹر عدنان کی جانب سے لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب کے خلاف مقدمےکا متن پڑھا گیا۔ پراسیکیوٹر عدنان نے کہا  نجی ٹیلیویژن پر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب بطور مہمان موجود تھے۔ان کے بیان سے حکومت کے خلاف نفرت پھیلائی گئی۔ لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب کے بیان سے حکومت اپوزیشن اور سرکاری ملازمین کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان تعلقات ٹھیک نہیں، انہیں بیان سے اکسایاگیا۔ 

لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب کے وکیل مدثر خالد عباسی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کردی۔ لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب کے وکیل مدثر خالد عباسی نے ملزم کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔ وکیل ملزم نے دلائل دئیے کہ عدالت نے دیکھناہےکہ لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب نے کوئی جرم کیابھی ہے یانہیں۔ اگر مجسٹریٹ کو لگتاہےکہ ملزم نے کوئی جرم نہیں کیاتو کیس سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کے وکیل قاسم ودود نے دلائل دیے۔ انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایف آئی اے نے متعدد بار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کا ملک پر قرضہ ہے۔ امجد شعیب ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر بھی سو چکے اور پھر لیفٹیننٹ بنے۔

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کے وکیل قاسم ودود کے وکیل کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہو گئے۔ عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ  لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اسلام آباد سےرات گئے  گرفتار  کیا گیا تھا۔

 اسلام آباد پولیس کے مطابق لیفٹیننٹ جزل ریٹائرڈ امجد شعیب کو  ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ امجد شعیب پر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ تھانا رمنا میں درج ہے۔

پولیس کے مطابق امجدشعیب کے خلاف مقدمہ مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں درج ہے،انہیں صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

فواد چودھری کا امجد شعیب کی گرفتاری پر ردعمل :

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسی سالہ جنرل امجد شعیب کی گرفتاری سوائے مزید نفرت اور بے چینی کے کچھ نہیں دے گی، محض تنقید پر اتنے سینئر فوجی جنرل کی گرفتاری انتہائی غلط روائیت ہے،امجد شعیب کو فوری رہا کیا جائے جوش سے نہیں ہوش سے کام کرنے کا وقت ہے، ملک سنگین بحرانوں میں گھرا ہوا ہے مزید بحران پیدا نہ کیجئے۔

مزیدخبریں