ایک نیوز :ریٹرننگ افسران نے تحریک لبیک کے امیر حافظ سعد حسین رضوی کے این اے 50 اٹک اور این اے160 منچن آباد سے کاغذات نامزدگی منظورکرلئے۔
تحریک لبیک کے امیر حافظ سعد حسین رضوی کاکہنا ہے کہ ظالموں اور جابروں کی نرسریوں میں پلنے والے سیاستدان ملکی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ ملک میں کوئی قانون نام کی چیز نہیں ہے۔روایتی سیاستدانوں نے ہمیشہ آئین و قانون کو اپنی منشا کے مطابق ترمیم کرکے نافذ کیا۔طاقتور کے لیے رات کو عدالتیں کھول کر مرضی کے فیصلے کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ججز کو من پسندفیصلوں کے بجائے آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔کمزور اور طاقتور کو یکساں انصاف فراہم کرنا ہی انصاف کہلاتا ہے۔
حافظ سعدحسین رضوی کاکہنا تھا کہ کلمے کی بنیاد پر بننے والے ملک کو طاقت کی بنیاد پرسیکولر نہیں بنانے دینگے۔ پاکستان کے موجودہ مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔کوئی ملکی سالمیت کے خلاف کام کرتا ہے تو اُسے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے۔ بلوچ قوم کی بزرگ ماؤں،بہنوں، بچوں پر جو ظلم ہوا اس کا دلی دکھ ہے۔ بچوں،بزرگوں اور خواتین پر جبر وتشد د کرنا مہذب قوموں کا شیوا نہیں۔جبری گمشدگیوں کا باب بند ہونا چاہیے۔ادارے کب تک جبری گمشدگیوں پر دلیلیں دیتے رہینگے۔