ویب ڈیسک: شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی آج 16 ویں برسی منائی جارہی ہے۔ جس پر آصفہ بھٹو زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے جذباتی پیغام شیئر کیے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جاری کردہ بیان میں آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج ہم 2007 کے اس تاریخ سیاہ دن کو یاد کر رہے ہیں جب ہماری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا۔ 16 برس بیت گئے ہیں لیکن ان کی جدائی کا دکھ اور نقصان کا احساس اس طرح ہو رہا ہے جیسے کہ وقت ٹھہر گیا ہو۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی ہنسی، مشورے اور محبت بھرا لمس ہرروز محسوس ہوتا ہے۔ ان کے جانے سے ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جو وقت نہیں بھر سکتا اور وہ ایک ایسا گھر چھوڑ کر چلی گئی ہیں جو پہلے جیسا کبھی نہیں ہوگا۔
انہوں نے لکھا کہ عوام کے لیے 16 سال ہوگئے ہیں کہ وہ اپنا سب سے بڑا وکیل کھو بیٹھے ہیں۔ ایک ایسی آواز خاموش کردی گئی جو مظلوموں اور جبر کے شکار عوام کے لیے اٹھتی تھی۔ انہیں نفرت، لالچ اور جبر استبداد کی قوتوں نے خاموش کردیا اور 16 سال گزر جانے کے بعد بھی ہم انصاف کے انتظار میں ہیں۔
16 سال گزر گئے اور وہ روشنی مدھم نہیں ہوئی، بلاول بھٹو
سابق وزیرخارجہ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ میری والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عوام کی چمپئن تھیں۔ وہ غریبوں، مظلوموں، پسماندہ لوگوں کی زندگی اور عزت کے لیے مسلسل لڑتی رہی۔ وہ آمروں کے ظلم و بربریت اور دہشت گردوں کے وحشیانہ تشدد کے سامنے ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان کی محبت، ہمدردی اور بہادری کی میراث ان تمام لوگوں کے لیے رہنمائی کی روشنی تھی جس کی میں نے خواہش کی تھی۔ 16 سال گزر گئے اور وہ روشنی مدھم نہیں ہوئی ۔