ویب ڈیسک : اقوام متحدہ نے سبکدوش ہونے والی ہالینڈ کی نائب وزیر اعظم سگریڈ کاگ کو غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار کے لیے نامزد کیا ہے۔
اقوام متحدہ نے گزشتہ ہفتے کی سلامتی کونسل کی اس قرارداد کی منظوری کے بعد منگل کوانسانی ہمدردی کے رابطہ کار کی نامزدگی کا اعلان کیا ہے، جس میں غزہ کی پٹی میں امداد پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
سگریڈ کاگ کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب غزہ کے لوگوں کو ایک سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے گنجان آباد ساحلی پٹی پر مسلسل بمباری کی وجہ سے امداد کی ترسیل میں شدید کمی آئی ہے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوترس نے سگریڈ کاگ کو غزہ کے لیے انسانی ہمدردی اور تعمیر نو کے سینئر کوآرڈینیٹر کے طور پر تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہا کہ سگریڈ کاگ 8 جنوری کو کام شروع کریں گی۔
گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں "وسیع پیمانے پر انسانی امداد کی محفوظ اور بلا روک ٹوک ترسیل" کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن اس میں لڑائی کے فوری خاتمے کا مطالبہ شامل نہیں تھا۔
کاگ جنوری 2022 سے نیدرلینڈ زکی نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ رہی ہیں۔
وہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے متعدد اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں جن میں لبنان کے لیے اس کی خصوصی کوآرڈینیٹر اور کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی مشترکہ تنظیم اور شام میں اقوام متحدہ کے مشن شامل ہیں۔