ایک نیوز: مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور سابق ایم این اے جاوید ابراہیم پراچہ انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 76 سال تھی۔ نماز جنازہ آج شام 6 بجے قلعہ گراؤنڈ ، کوہاٹ میں ادا کی جائے گی۔
حاجی جاوید ابراہیم پراچہ 15 فروری 1997 کو مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، اور میاں نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں ریلوے کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چئیرمین رہے۔ اپنے دور میں انہوں نے کوہاٹ، ہنگو اور کرک میں کئی ترقیاتی کام کروائے اور کوہاٹ کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔
جاوید ابراہیم پراچہ نے جامعہ اسلامیہ بہاولپور سے بی اے کیا، اور پشاور یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ وہ دونوں جامعات کی سٹوڈنٹس یونین کے صدر بھی رہے۔
جاوید ابراہیم پراچہ سنی سپریم کونسل کے سرپرست اعلیٰ بھی رہے، جبکہ دارالعلوم انجمن تعلیم القرآن کے مہتمم اعلیٰ بھی رہے۔
جاوید ابراہیم پراچہ کا کوہاٹ ہنگو، کرک اور قبائلی علاقوں میں گرا اثر و رسوخ تھا اور طالبان کے ساتھ بھی ان کے تعلقات تھے۔
ملک کی سیاسی قیادت بشمول قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سیاسی رہنماوں نے حاجی جاوید ابراہیم پراچہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوگواران میں ان کے بیٹے آصف جاوید پراچہ ایڈووکیٹ اور اسامہ پراچہ ہیں۔ جبکہ حامدابراھیم پراچہ اور احمد ابراھیم پراچہ کے بھاٸی تھے۔