ایک نیوز: سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کردیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لاہور کے حلقہ این اے 127 سے شہری کی جانب سے دائر کیا گیا اور شہری شہری محمد ایاز نے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کروا دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔
شہری نے اپنی درخواست میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز كے صدر ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے، لہذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف وزری ہورہی ہے۔بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔