سیف سٹی کی شہر بھر میں شدید دھند کی صورتحال بارےآگاہی

کیپشن: سیف سٹی کی شہر بھر میں شدید دھند کی صورتحال بارےآگاہی

ایک نیوز: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے شہر بھر میں دھند کی صورتحال سے متعلق آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔

 ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق شہر بھر کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ چند میٹر رہ گئی، مال روڈ،کنال روڈ، فیروپور روڈ،  جیل روڈ،ٹھوکر نیاز بیگ،قائداعظم  انٹرچینج،گجومتہ و گرنواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی۔

سیف سٹیز ترجمان کا کہنا ہے کہ  شہری دھند میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گاڑی چلائیں،  گاڑی کی ہیڈ لائٹس لو بیم پر رکھیں ،فوگ لائٹس اور دونوں اشاروں کا استعمال یقینی بنائیں، گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے عام حالات کی نسبت زیادہ فاصلہ رکھیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ   گاڑی کے اگلے اور پچھلے بمپر پر ریفلیکٹرز کا استعمال کریں،بار بار لین تبدیل کرنے سے گریز کریں،  شدید دھند کے باعث لاہور سے ملحقہ تمام موٹر ویز کو بند کر دیا گیا ہے، شہری کسی بھی ایمرجنسی کی اطلاع فوراً 15 پر دیں۔