ویب ڈیسک:میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے 318 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق 10 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 124 رنز پر پہنچایا تو عبد اللہ شفیق 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، شان مسعود بھی 54 رنز پر ناتھن لیون کو چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ سعود شکیل نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔
سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز
میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں پاکستانی پیسرز چھائے رہے اور فاسٹ بولرز نے آسٹریلیا کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 318 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں، ایک کھلاڑی کو سلمان علی آغا نے آؤٹ کیا۔
3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ کے پہلے سیشن میں کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 90 رنز اسکور کیے تاہم ڈیوڈ وارنر 38 رنز بناکر سلمان علی آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسرے سیشن کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ 42 رنز بناکر حسن علی کا شکار بنے جب کہ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 154 رنز پر گری اور عامر جمال نے اسٹیو اسمتھ کو 26 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
اس دوران میلبرن میں بارش بھی ہوئی اور میچ کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا تاہم بارش کی وجہ سے پہلے روز 66 اوورز کا کھیل ہوا۔