کینٹ پبلک سکول اینڈ کالج ملتان کی پرنسپل نے بین الاقوامی سطح پر تاریخ رقم کر دی

Dec 27, 2023 | 08:42 AM

ایک نیوز: تعلیمی میدان میں پاکستان کا بڑا اعزاز، بنکاک میں بیسٹ ایشیئن پرنسپل کے مقابلے میں کینٹ پبلک اسکول اینڈ کالج ملتان کی پرنسپل بینش سعید نے بہترین ایشیئن پرنسپل کا ایوارڈ جیت لیا۔ 

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایشیئن ایجوکیشن کنکلیو( Asia Education Conclave ) کا انعقاد ہوا۔ ایشیئن ایجوکیشن کنکلیو کے زیر اہتمام بیسٹ ایشیئن پرنسپل کی کیٹیگری میں ایشیاء کے 15 ممالک سے 2085 مرد و خواتین پرنسپلز نے مقابلے میں شرکت کی۔ 

ان مقابلوں کے دوسرے مرحلے میں 275 شارٹ لسٹڈ امیدواروں میں سے کینٹ پبلک سکول و کالج ملتان کی خاتون پرنسپل بینش سعید کو فتح حاصل ہوئی۔ پرنسپل بینش سعید کو آن لائن ٹیچنگ، ماسٹر ٹریننگ، کوچنگ، تربیتی کورسز اور ایڈمنسٹریٹو اصلاحات میں ممتاز حیثیت کی بنیاد پر فاتح قرار دیا گیا۔ 

بینش سعید نے ٹیچر سے کوآرڈینیٹر، ماسٹر ٹرینر اور پرنسپل سے ایشیئن بیسٹ پرنسپل کا سفر نہایت جانفشانی اور بہترین اصلاحاتی سوچ و فکر سے طے کیا۔ پرنسپل بینش سعید پچھلے 22 سالوں سے شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں دنیا کے نامور اسکالرز اور محققین پر مشتمل ایشیئن ایجوکیشن کنکلیو کی جانب سے ایوارڈ کی فراہمی دراصل عالمی سطح پر پاکستان کے تعلیمی نظام پر اعتماد کا اظہار ہے۔ 

پرنسپل بینش سعید نے اپنا اعزاز وطن کے شہداء، غازیوں اور دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم فراہم کرنے والے اساتذہ کے نام کر دیا۔ بینش سعید نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر کے تمام پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

مزیدخبریں