ایک نیوز: بھارتی دارالحکومت میں دھماکے نے بھارتی سیکیورٹی کا پول کھول دیا۔ مودی سرکار خطے اور بالخصوص پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور خطے کے ممالک کو عدم استحکام سے دو چار کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھتی۔
دہلی سے لے کر لداخ کے درمیان کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ یا دھماکہ ہو جائے تو بھارت الزام پاکستان پر لگانے سے نہیں چوکتا۔ اسرائیلی ایمبیسی کے قریب دھماکہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بھارت اپنے ہی ملک میں سیکیورٹی قائم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے اور ایک فیلڈ سٹیٹ کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
گو کہ یہ دھماکہ اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہوا ہے اور اس کا پہلا تاثر یہ جاتا ہے کہ یہ دھماکہ اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں ہوا ہے مگر بھارت روایتی ہتھکنڈے کے طور اس کا رخ بھی پاکستان کی جانب موڑ کر مودی کو الیکشن میں فائدہ پہنچانے کی کوشش کرے گا۔
مودی سرکار کے گودی میڈیا نے بھی دھماکے کے فورا بعد جس طرح کا تاثر دیا ہے اس سے لگ یہی رہا ہے کہ بھارت الزام پاکستان پر دھرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ بھارت کو جھوٹ کی سیاست چھوڑ کر اپنے دارالحکومت بالخصوص بیرونی ممالک کے سفارت خانوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کی ضرورت ہے نہ کہ بغیر ٹھوس شواہد کےخطے کے دوسرے ممالک پر الزام تراشی کرنے کی۔
پاکستان نے ہمیشہ خطے میں ایک ذمہ دار ملک کا کردار ادا کیا۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اس کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انتخابات کے قریب آتے ہی مودی سرکار فالس فلیگ آپریشنز کی ناکامی کے بعد اب ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے یہ دہشتگردی کا ڈرامہ رچا رہی ہے۔