نگران وزیراعلیٰ کا سموگ کے حوالے سے ایک اور بڑا فیصلہ

نگران وزیراعلیٰ کا سموگ کے حوالے سے ایک اور بڑا فیصلہ
کیپشن: نگران وزیراعلیٰ کا سموگ کے حوالے سے ایک اور بڑا فیصلہ

ویب ڈیسک:نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلا ت کے مطابق وزیر علیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس طلب کیا گیا، جس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر ، ڈاکٹر جمال ناصر،بلال افضل،ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ 

اجلاس میں ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت سے تفصیلی مشاورت کی گئی،  سموگ بارے میں بریفنگ دی گئی۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب نے غیرمعیاری پٹرول وڈیزل فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور انتظامیہ کو غیرمعیاری پٹرول وڈیزل فروخت کرنیوالوں کیلئے بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی، ساتھ ہی سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کی بجائے سڑکوں سے مٹی کو مکمل طور پر صاف کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سڑکوں کو دھونے کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔  
محسن نقوی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پاس سموگ بڑھنے کی وجوہات کی مستند ریسرچ ہی نہیں، ہم صرف سنی سنائی باتوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے سموگ پر قابو نہیں پا سکتے، عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے مستند ڈیٹا سے ہی سموگ سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک لازمی پہنیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔