واشنگٹن: پاکستانی سفارتخانے کےدفاعی شعبے کی عمارت کیلئے 3 بولیاں موصول

Dec 27, 2022 | 22:49 PM

 ایک نیوز:پاکستانی سفارتخانے کےدفاعی شعبے کی عمارت کی خریداری کیلئے پہلی بولی یہودی گروپ نے لگائی جو عبادت گاہ ،دوسری بولی بھارتی ایجنٹ  نے لگائی جو مندربناناچاہتا ہے۔تیسری بولی پاکستانی رئیل اسٹیٹ ایجنٹ نے لگائی۔

 تفصیلات کے  مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے دفاعی شعبے کے زیر استعمال رہنے والی عمارت کو خریدنے کے لیے تین بولیوں میں سے سب سے زیادہ  تقریباً 68 لاکھ ڈالر کی  بولی یہودی گروپ کی جانب سے لگائی گئی جو عمارت میں عبادتگاہ بنانا چاہتا ہے۔ 50 لاکھ ڈالر کی دوسری بولی بھارتی پراپرٹی ایجنٹ کی جانب سے لگائی گئی جووہاں مندربناناچاہتا ہے۔جب کہ تقریباً 40 لاکھ ڈالر کی تیسری بولی پاکستانی رئیل اسٹیٹ ایجنٹ کی طرف سے لگائی گئی۔

ریئلٹی مارکیٹ میں پاکستانی نژاد امریکیوں کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بولی لگانے والی پارٹی کو عمارت دی جانی چاہیے۔ایک پاکستانی رئیلٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں روایت پر عمل کرنا چاہیے، اس سے بااثر امریکی کمیونٹی جو اسے عبادت گاہ بنانے کے مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے اس میں خیر سگالی کا پیغام جائے گا۔

رواں ماہ کے شروع میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نےبتایا تھا کہ واشنگٹن میں موجود  پاکستان کی 3 سفارتی جائیدادوں میں سے ایک جائیداد جو شہر کے انتہائی اہم اور بہترین محل وقوع ’آر اسٹریٹ‘ پر واقع ہے فروخت کیے جانے کی تیاری ہے۔

 حکام نے واضح کیا کہ سفارت خانے کی پرانی یا نئی بلڈنگ کو فروخت نہیں کیا جا رہا ، آر اسٹریٹ پر واقع جس عمارت کی فروخت کے لیے بولیاں موصول ہوئی ہیں وہ 1950 کی دہائی کے وسط سے 2000 کی دہائی کے اوائل تک سفارت خانے کا ڈیفنس سیکشن تھا۔

سفارت خانے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی جلدی نہیں اور ہم کوئی ایسا معاہدہ نہیں کریں گے جس سے پاکستان کو فائدہ نہ ہو، وفاقی کابینہ پہلے ہی عمارت کو فروخت کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹس کی گئیں تصاویر اور ویڈیوز میں 2 عمارتیں دکھائی گئی، ایک عمارت موجودہ ایمبیسی کی تھی جب کہ دوسری عمارت پرانے سفارت خانے کی، ان پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ یہ دونوں عمارتیں بھی فروخت کے لیے تیار ہیں۔

 لیکن سفارت خانے کے حکام نے کہا کہ ان دونوں عمارتوں میں سے کوئی بھی عمارت فروخت کرنے کے لیے مارکیٹ میں نہیں ہے، موجودہ سفارت خانہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں تعمیر کی گئی نئی عمارت میں ہے جب کہ پرانا سفارت خانہ شہر کے وسط میں واقع میساچوسٹس ایونیو پر بھارتی سفارت خانے کے قریب ہے۔

 سفارت خانہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں نئی عمارت میں منتقل ہوا لیکن پرانی عمارت کو بھی برقرار رکھا گیا اور اس عمارت اور قریب میں واقع سفیر کی سرکاری رہائش گاہ کی تزئین و آرائش پر تقریباً 70 کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے۔عمارت کی تزئین و آرائش پر خرچ ہونے والی خطیر رقم نے بہت سے لوگوں کو حیران کر دیا اور اس بات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا کہ اتنی رقم کیسے خرچ کی گئی اور اخراجات اتنے زیادہ کیوں ہوئے، آر اسٹریٹ واقع عمارت کی کبھی تزئین و آرائش نہیں کی گئی اور اس عمارت کا دورہ کرنے سے اس کی خستہ حال صورتحال سامنے آئی۔

علاقے کے دیگر رہائشیوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے مقامی حکام سے عمارت کی خستہ حالت کے بارے میں شکایت کی جو کہ ان کے بقول اب ایک خطرہ بن چکی ہے، ر اسٹریٹ کی عمارت سفیر سید امجد علی نے 1953 سے 1956 کے درمیان خریدی تھی۔

سفارت خانے کی پرانی عماعت امریکا میں پاکستان کے پہلے سفیر ایم اے ایچ اصفہانی نے خریدی تھی، دونوں عمارتیں تقریباً 20 برس سے خالی پڑی ہیں، ایک سابق پاکستانی سفیر نے بتایا کہ 2 سفرا جلیل عباس جیلانی اور شیری رحمٰن سفارت خانے کی پرانی عمارت کو فروخت کرنے کے معاہدے کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن میڈیا میں تنقید کے بعد حکومت اس معاملے سے پیچھے ہٹ گئی، ایک سابق سفیر نے کہا کہ ذاتی طور پر میں تمام خالی عمارتوں کو فروخت کرنے کے حق میں ہوں۔

مزیدخبریں