ایک نیوز نیوز: روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ یوکرین، روس کے مطالبات پورے کرے، ورنہ روسی فوج یوکرین کی تقدیر کا فیصلہ کرے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرگئی لاروف نے سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات دشمن کو اچھی طرح معلوم ہیں جن میں ان علاقوں سے فوجیں واپس بلانا جہاں روسی کنٹرول ہے اور یہاں سے روس کو لاحق سکیورٹی خطرات کا خاتمہ شامل ہے۔
لیوروف نے کہا کہ بات بہت سادہ سی ہے۔ ان مطالبات کو اپنے بھلے کے لیے پورا کریں۔ ورنہ یہ مسئلہ روسی فوج حل کرے گی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ تنازع کب تک جاری رہے گا تو انہوں نےکہا کہ گیند اب یوکرین کے کورٹ میں ہے اور واشنگٹن ان کے پیچھے ہے۔
سرگئی لیوروف کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے نیٹو اتحادی یوکرین کے ساتھ مل کر روس کو جنگ کے میدان پر شکست دینا چاہتے ہیں تاکہ اسے تباہ کر سکیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے چھپی ہوئی نہیں کہ امریکہ اور اس کے نیٹو اتحادیوں کا سٹریٹیجک مقصد روس کو شکست دینا ہے تاکہ وہ ملک کو بہت زیادہ کمزور کریں اور اسے تباہ کر دیں۔
سرگئی لیوروف کا امریکہ کے حوالے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے لیے بائیڈن انتظامیہ سے رابطے بحال رکھنا تقریباً ناممکن ہے کیونکہ وہ ان کے ملک کو سٹریجک شکست دینے کے درپے ہیں۔
روسی وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ واشنگٹن کا جارحیت پر مبنی روس مخالف بیانیہ وقت کے ساتھ زیادہ بڑے پیمانے پر اور شدید ہو گیا ہے۔