ایک نیوز :اسپیکرقومی اسمبلی پرویزاشرف سےپی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگرنے رابطہ کیا ۔پی ٹی آئی رہنما نے عمران خان کی ہدایت پرتحریک انصاف کے وفد کی اسپیکرسےملاقات کی خواہش اظہارکیا ۔
تفصیلات کےمطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورآئیں خوش آمدید کہوں گا ابھی لاڑکانہ میں ہوں،سیاسی رابطےجاری رہنا چاہیے، اسمبلی آئیں سیاسی مسائل کا حل پارلیمنٹ سے ہی نکلےگا،استعفوں کی تصدیق کا عمل قواعد کےمطابق کروں گا۔
واضح رہے کہ اپریل میں سابق وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
اسمبلی سے بڑے پیمانے پر مستعفی ہونے کے فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے 11 اپریل کو وزیرِاعظم شہباز شریف کے انتخاب سے چند منٹ قبل اسمبلی کے فلور پر کیا تھا۔
سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے فوری طور پر استعفے منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔14 اپریل کو پی ٹی آئی سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی کے 123 اراکین قومی اسمبلی نے اسپیکر کو اپنے ہاتھ سے لکھ کر نشستوں سے استعفیٰ دیا تھا۔
سیکریٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کے دستخط شدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ استعفے جمع کرانے کے بعد ان کی نشستیں آئین کے آرٹیکل 64 (1) کے تحت 11 اپریل سے خالی ہوگئی ہیں۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے جمع کرائے گئے اکثر استعفے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں تھے اور پارٹی کے لیٹر ہیڈ پر ایک جیسا متن پرنٹڈ تھا۔