عمران خان کو وائٹ ہاؤس نہیں بلاول ہاؤس نے سازش کرکے نکالا،بلاول بھٹو

عمران خان کو وائٹ ہاؤس نہیں بلاول ہاؤس نے سازش کرکے نکالا،بلاول بھٹو
کیپشن: Imran Khan was expelled by Bilawal House, not the White House, by conspiracy, Bilawal Bhutto

ایک نیوز :چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کو وائٹ ہاؤس نےنہیں بلاول ہاؤس نے سازش کرکےنکالا ہے ۔عمران خان آصف علی زرداری کا کریڈٹ جو بائیڈن کو دینا چاہتا ہے۔میں نہیں چاہتا سابق خاتون اوّل  کے خلاف پرچے کٹیں اور آپ جیل میں ہوں ۔جوبزرگ بن چکے ہیں چل نہیں سکتے کووہ گھر بیٹھیں۔میں آج یو این او جا کر مودی کو بے نقاب کر سکتا ہوں۔
 
تفصیلات کےمطابق بےنظیر کی 15ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ یہ سلیکٹڈ ہمارے آئینی حقوق کے خلاف سازشیں کر رہا تھا،اس شخص نے تباہی پھیلائی جس کیخلاف ہم نے آئینی ہتھیار استعمال کیا،ہم نے اس کیخلاف پرامن احتجاج کیا اور دودھ سے مکھی کی طرح نکال کر باہر پھینکا، ہم نے اسے  جمہوری طریقے سے  عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا، پہلی بار تاریخ میں پارلیمان نے وزیراعظم کو گھر بھیجا، ان کا کہناتھا کہ فوج  اورعدالت نے نہیں بلکہ  پارلیمان نے عمران خان کو گھر بھیجا،سلیکٹڈ کو تو نکالا، مگر ان کے سہولت کاروں کو بھی عزت کیساتھ خداحافظ کہہ دیا۔ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے ملک کو مشکل سے نکالا، مشرف بھی ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے کہا ادارے نے فیصلہ کیا کہ سیاست میں مداخلت نہیں کرینگے ، یہ جمہوریت کا انتقام ہے ، ادارے سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے ، اپنے دائرے میں رہیں گے ۔

بلاول بھٹونے مزید کہا ہے کہ عمران خان کی کوشش ہے دباؤ بڑھایا جائے اور ایک بار پھر میرے عزیز وطنو کی آواز آئے ،آپ نخرے کریں گے سازشیں کریں گے تو ہم جانتے ہیں کہ آپ کا علاج کیسے کرنا ہے ، آپ نے نوازشریف کی بیٹی اور آصف زرداری کی بہن کو گرفتار کرایا ابھی تو آپ کو کچھ کہا بھی نہیں اور رونا شروع کردیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بڑے بڑے پُل تو نہیں بناتے، ماڈرن بسیں انہیں سڑکوں پر چلاتے ہیں، میٹرو کا ملک میں فیشن بن گیا، سارے پیسے ایک ہی سڑک پر لگا دیئے جاتے رہے،ملک میں مہنگائی ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں،ہم نے سندھ بھر میں مفت علاج کیلئے اسپتال بنائے ہیں، ہم روٹی، کپڑا اور مکان کو اپنا بنیادی نعرہ سمجھ کر چلتے ہیں۔

بی بی شہید کو آپ سے چھینے ہوئے 15 سال گزر چکے ہیں،گڑھی خدا بخش میں 15سال بعد بھی  عوام کا سمندر ہے،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عالمی لیڈر تھیں،کیا بی بی شہید کا گناہ یہ تھا کہ وہ محب وطن تھیں؟کچھ لوگ تقسیم کی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں،بی بی شہید معاشی انصاف چاہتی تھیں،شہید   بینظیر بھٹو نے  کارکنوں اور ساتھیوں کو ایک دن کیلئے بھی لاوارث نہیں چھوڑا۔ہم جھوٹ کی سیاست کو رد کریں گے، اس ملک کو ہم جوڑیں گے، یکجہتی  کے ساتھ سیاست کریں گے،لوگوں کو لڑوائیں گے نہیں، یکجہتی کیساتھ شہیدکے نامکمل مشن کو مکمل کرینگے۔