اسلام آباد : دہشت گردی کا خطرہ، 25 عارضی پولیس چوکیاں قائم

Dec 27, 2022 | 16:12 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر 25 نئی عارضی پولیس چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے نئے سیکورٹی پلان کے تحت اقدامات کا اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت آنے والے تمام شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے وہ اپنے شناختی کارڈ ہمیشہ ساتھ رکھیں۔نیا سیکورٹی پلان امریکہ اور سعودی عرب کے سفارتخانوں کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہاکہ حالیہ سیکورٹی صورت حال کے پیش نظر نیا سیکورٹی پلان جاری کیا کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر 25 عارضی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور میٹرو بس سروس سے سفر کرنے والے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریڈ زون کے داخلی راستوں پر سیف سٹی کیمروں سے بھی ریکارڈنگ ہوگی۔

اسلام آباد پولیس کا کہناہے کہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں۔  لوگ اپنی گاڑیوں پر محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹس لگائیں۔ غیر قانونی نمبر پلاٹ والی گاڑیوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرائے داروں اور اپنے ملازمین کی رجسٹریشن قریبی پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز پر کرائیں۔غیر رجسٹرڈ مقامی یا غیرملکی ملازمین رکھنے والوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔

مزیدخبریں