ایک شخص کو لانے کیلئے پاکستان کے قانون بدل دیے گئے: رمیز راجہ

Dec 27, 2022 | 13:26 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: سابق  چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل ’رمیز سپیکس‘ پر برطرفی کے بعد پہلی بار تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کو لانے کیلئے قانون بدلے گئے ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق  رمیز راجہ نے لائیو سٹریم کے دوران لوگوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کھیل کرکٹرز کا ہے، یہ کرکٹرز کی پلیئنگ فیلڈ ہے۔ یہاں پر باہر سے جب آ کر لوگ حملہ کرتے ہیں اور پھر سمجھتے ہیں کہ آپ جو کام کر رہے ہیں وہ ٹھیک نہیں۔‘

بی بی سی کے مطابق رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ’نجم سیٹھی کو لانے کیلئے آپ نے پورا آئین بدل دیا۔ یہ میں نے دنیا میں کہیں ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔‘ ’ایک طور طریقہ ہوتا ہے اور وہ بھی سیزن کے درمیان، آپ نے چیف سیلیکٹر بدل دیا،  ’میں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہوئی ہے یہ میرا پلیئنگ فیلڈ ہے۔ آپ کو چبھن اور درد ہوتا ہے کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ کوئی مسیحا آ گیا ہے جو پتا نہیں کرکٹ کو کہاں سے کہاں لے جائیں گا۔‘
واضح رہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے آتے ہی اس ’رجیم چینج‘ کی یہ توجیہ پیش کی گئی تھی کہ ان کے آنے اور  2014 کے آئین کو بحال کرنے کا بنیادی مقصد پاکستان میں ڈپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی اور کھلاڑیوں کو نوکریاں اور کھیل کے مواقع دینا ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ’یہ آئے تو انھوں نے کہا کہ ہم نے ڈپارٹمنٹ کرکٹ کو واپس لانا ہے لیکن پھر اگلی پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسا کرنا مشکل ہو گا۔ یہ ایک معجزہ ہو گا کہ اگر یہ ڈپارٹمنٹ کرکٹ واپس لے آئیں۔  خاص طور پر موجودہ حالات میں کوئی ایسی انتظامیہ کی حمایت نہی کرے گا جس کا پتا نہیں کہ وہ کتنا عرصہ رہے گی۔‘
رمیز راجہ سوال و جواب کے اس سلسلے کے دوران جذباتی دکھائی دیے۔ انھوں نے کہا کہ ’سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے کہ یہ کرکٹ کی بہتری اور ڈویلپمینٹ کے لیے آئے ہیں، یہ چودراہٹ کے لیے آئے ہیں اور ان کو شوق ہے کہ کسی طرح سے انھیں لائم لائٹ مل جائے۔ نہ کوئی لینا دینا ہے کرکٹ میں، نہ کبھی بیٹ اٹھایا۔‘

مزیدخبریں