تحریک انصاف نے استعفوں کی تصدیق کا فیصلہ ملتوی کردیا

تحریک انصاف نے استعفوں کی تصدیق کا فیصلہ ملتوی کردیا

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد: تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا معاملہ، اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے درمیان چوہے بلی کا کھیل جاری ہے۔

تحریک انصاف استعفوں کی تصدیق کیلئے اپنے اراکین قومی اسمبلی کو اسلام آباد بلانے کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہوگئی ہے۔تحریک انصاف نے کل قومی اسمبلی سپیکر کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ ملتوی کردیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے کے پی ہاوس کا بلایا گیا اجلاس بھی کینسل کر دیا گیا  جس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی  ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، بے نظیر بھٹو شہید کی برسی میں شرکت کے لیے آج نوڈیرو میں ہیں۔  اسپیکر آفس کے مطابق راجہ پرویز اشرف کل شام کو اسلام آباد واپس آئیں گے۔تحریک انصاف آج اور کل اپنے اراکین کو اسلام آباد بلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف ممکنہ طور پر جمعرات کو اپنے دفتر میں موجود ہوں گے۔جمعرات اور جمعہ کو دفتر میں موجود ہونے کے بعد ہفتے کو اسپیکر قومی اسمبلی غیر ملکی دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے ہفتے کو آسٹریلیا روانہ ہونا ہے۔وہ پانچ جنوری تک آسٹریلیا میں موجود ہوں گے ۔

جبکہ دوسری طرف  5 جنوری سے قبل استعفوں کی تصدیق کے لیے تحریک انصاف کے پاس 29 اور 30 دسمبر کا دن ہے۔ تحریک انصاف اپنے اراکین کے استعفوں کی اجتماعی تصدیق کی خواہش مند ہے۔ 

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق سپیکر راجہ پرویز اشرف رول 43 کے تحت ہر رکن اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے الگ الگ بلانا چاہتے ہیں۔

تحریک انصاف استعفوں کی تصدیق سے متعلق حکمت عملی کے حوالے سے آج پھر مشاورت کرے گی۔آج شام تک کوئی حتفمی فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔