حریت رہنما سید علی گیلانی کی اربوں مالیت کی املاک ضبط

حریت رہنما سید علی گیلانی کی اربوں مالیت کی املاک ضبط

ایک نیوز نیوز: بھارت نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے گھر سمیت کالعدم جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر کی مزید 20 املاک ضبط کر لی ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ایس آئی اے نے سرینگر، وسطی ضلعے بڈگام اور جنوبی اضلاع پلوامہ اور کلگام میں کئی مقامات پر کارروائی کی جب کہ تلاشی کے دوران مالی لین دین کے کاغذات اور مبینہ مجرمانہ مواد کو ضبط کر لیا۔ ضبط کی گئی املاک  کی مالیت ایک ارب 22 کروڑ 89 لاکھ روپے ہے۔


بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی  املاک کو غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد کے متعلق قانون یو اے پی اے کی شق آٹھ کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔جن املاک کے حوالے سے کارروائی کی گئی ہے ان میں سرینگر کے بلبل باغ کے علاقے میں واقع وہ رہائشی مکان بھی شامل ہے جو محکمہ مال کے ریکارڈ میں سرکردہ آزادی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی اور ان کے ایک سابق معاون فردوس احمد عاصمی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔


واضح رہے کہ سیدعلی شاہ گیلانی کا یکم ستمبر 2021 کو طویل علالت کے باعث انتقال ہوا تھا۔ انہوں نے جماعتِ اسلامی سے علیحدگی اختیار کرکے آٹھ اگست 2004 کو نئی سیاسی جماعت 'تحریکِ حریت جموں و کشمیر' کی بنیاد رکھی تھی۔