ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو جمہوری وسیاسی جدوجہد کی روشن علامت ہیں۔ جنہوں نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں جام شہادت نوش کیا۔
27 دسمبر 2007 کا سیاہ دن عوام کی ایک محبوب راہنما کی شہادت کا ناقابل فراموش دن ہے۔ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی تمام عمر جہد مسلسل کی ولولہ انگیز داستان ہے۔ ملک، عوام اور جمہوریت کے لئے محترمہ بے نظیر بھٹو کی تاریخی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کی سربلندی، آمریت کے خلاف ان کی پرعزم اور نڈر عوامی و سیاسی تحریک تاریخ کا قابل فخر اور سنہرا باب ہے۔ قائد محمد نوازشریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک اور عوام کو میثاق جمہوریت کا تاریخی تحفہ دیا، ملک کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ میثاق جمہوریت ہمارے قائدین کی سیاسی بصیرت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے جس سے پاکستان میں ایک نئے سیاسی کلچر اور روایت کا آغاز ہوا۔
مزید یہ کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردی کے خلاف جرات مندانہ اور واضح موقف اختیار کیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے آہنی عزم کا ثبوت ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملکی دفاع کی مضبوطی، آئینی اداروں کی تقویت اور سماجی فلاح و بہبود کے لئے انتھک خدمات انجام دیں۔
وزیراعظم نے سابق صدر زرداری، بلاول بھٹو سمیت اہل خانہ اور شہید بے نظیر بھٹو کے تمام وابستگان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ محترمہ سمیت تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔