ملک کےدشمنوں کیساتھ کوئی بات نہیں ہوگی:شہباز شریف

ملک کےدشمنوں کیساتھ کوئی بات نہیں ہوگی:شہباز شریف
کیپشن: There will be no talk with the enemies of the country: Shehbaz Sharif

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کےدشمنوں کیساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کےاجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے،چند دنوں میں دہشتگردی کے بہت واقعات ہوئے ہیں، دہشت گردی کی حالیہ لہر میں50سے زائد پاکستانی شہید ہوچکے ہیں شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا مزیدکہنا تھا کہ دہشت گردوں کی غلط فہمی ہے کہ یہ اپنی دھاک بٹھا سکتے ہیں، انکے مذموم مقاصد کا مقصد پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے،دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں،سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت بھی رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو روکنا ضروری ہے، دہشت گردوں کے خلاف بہت مؤثر آپریشنز کئے گئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، افواج پاکستان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے، دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کر کے دم لیں گے، پاک فوج اور قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے۔