ایک نیوز: رانی پورمیں بااثر پیر کی حویلی میں تشدد سے ہلاک 10 سالہ فاطمہ کے کیس میں گرفتار 4 ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فاطمہ قتل کیس کے تفتیشی افسرقاضی بچل نے کیس میں گرفتار 4 ملزمان کو چھوڑے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او امیرچانگ،ڈاکٹر فتاح میمن،ڈاکٹرعلی حسن وسان اورکمپاؤڈرامتیازمیراسی کو بھی چھوڑ دیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر کا کہنا ہےکہ ایس ایچ او، دونوں ڈاکٹرز اور ہسپتال ملازم کو بے گناہی کے ثبوت پیش کرنے پر چھوڑا گیا ہے۔ چاروں نے اپنی بےگناہی کے ثبوت ڈی ایس پی عبدالقدوس کلہوڑ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو پیش کیے۔چاروں ملزمان تاحال شامل تفتیش ہیں لیکن انہیں پولیس تحویل سے رہا کر دیا گیا ہے،چاروں افراد پرحقائق چھپانے، جرم چھپانے اور فرائض میں غفلت کے الزامات تھے۔
دوسری جانب گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ خیرپور نے فاطمہ قتل کیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کر دی تھی۔
یاد رہے کہ کمسن لڑکی فاطمہ کی موت رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں ہوئی تھی جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔ قتل کیس میں گرفتار اسد شاہ کی اہلیہ حنا شاہ ضمانت قبل از گرفتاری کی مدت ختم ہونے کے باوجود تاحال گرفتار نہیں ہو سکی ہیں۔