ملکی تاریخ کا بدترین سیلاب، وزیراعظم کو عالمی رہنماؤں کے ٹیلیفون، تعاون کی یقین دہانی

ملکی تاریخ ،بدترین سیلاب، وزیراعظم ،عالمی رہنماؤں ،ٹیلیفون، تعاون ،یقین دہانی
کیپشن: وزیراعظم سے عالمی رہنماؤں نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ایک نیوز نیوز: پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان، متحدہ عرب امارت کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور آفت کے باعث نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ 

ترک صدر رجب طیب اردوان سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے انہیں پاکستان میں سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی تباہی کے باوجود بھی حکومت لوگوں کی نقل مکانی اور امداد کی ترسیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعظم نے انسانی بنیادوں پر امداد پر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ ترکیہ کے صدر نے شہباز شریف سے شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر نقصان پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے پاکستان کا مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور تمام شعبوں میں امداد اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کی ہمدردی پر اظہار تشکر کیا۔ 

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مون سون کی غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی ملک گیر تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ اماراتی صدر نے سیلاب کے باعث نقصان کے حوالے سے پاکستان کو فوری امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس امدادی سامان میں 3 ہزار ٹن خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طبی اور دواسازی کا سامان بھی شامل ہے۔