ایک نیوز نیوز: موٹروے پولیس نے سیلاب کی صورتحال پر ٹریفک الرٹ جاری کر دیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر آزا خیل اور نوشہرہ کے درمیان سیلاب کا خدشہ ہے۔ موٹروے ایم ون پر برہان تا پشاور سیلاب کے خدشات موجود ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر بلوچستان میں قلات سے پشین یارو تک سیلاب کا اندیشہ ہے۔ نیشنل ہائی وے پرحب سے بیلہ اور بوستان سے دلسورا بھی سیلاب کی زد میں آسکتے ہیں۔ قومی شاہراہ پر سندھ کے ایریا میں کنڈ یارو ، مورو،سکڑنڈ سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں۔ مٹیاری کے قریب ہٹری،میانی فاریسٹ،چلگری ، باڈیرو اور کھنڈو میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
موٹروے پولیس عوام الناس سے ان ایریاز میں سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کرتی ہے۔ آئی جی موٹروے پولیس خالد محمود نے قومی شاہرات افسران کو الرٹ اور چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے آئی جی موٹروے پولیس خالد محمود کا کہنا ہے کہ موٹروے پولیس سیلاب متاثرین کی ہر ممکن اور بروقت مدد کیلئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔عوام سفر سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن (130) سے معلومات حاصل کریں۔ موجودہ موسمی حالات میں روڈ یوزرز قومی شاہراؤں پر محتاط ڈرائیونگ کریں۔