ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مشیر شاہی دربار محمد بن مزیاد آل تویجری کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ،سرمایہ کاری پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوارڈینیشن کونسل محمد بن مزیاد آل تویجری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات میں دونوں اطراف سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
آل تجویری اور ان کے وفد نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔
آل تویجری کاکہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے بعد پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ۔جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے، جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے۔سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد انتہائی کم وقت میں پاکستان کا دورہ کرے گا ۔
آل تجویری جو کہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے انچارج بھی ہیں نے وزیراعظم کو ویژن 2030 کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔
آل تجویری کاکہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات سعودی ویژن 2030 کے تناظر میں آگے بڑھیں ۔سعودی ویژن 2030 کے تحت پاکستانی افرادی قوت و سرکاری افسران کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں گے ۔
ملاقات میں وزیر اعظم کو سعودی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ ہم پاکستان کی گورننس اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ کی زیر قیادت وفد کی پاکستان آمد کے دوران سعودی عرب کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوئی ۔سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہوئی پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں پاکستانی عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین عزت مآب سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے لیے بے پناہ عزت و احترام ہے۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔