کچے میں  ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری 

Apr 27, 2023 | 19:05 PM

ایک نیوز :کچے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ روجھان دریائے سندھ کے پاس ڈاکوؤں اور پولیس میں جھڑپیں جاری ہیں ۔ ایک نیوز کی ٹیم بھی دریائے سندھ کے پاس پہنچ گئی۔سکھر پولیس کی جانب سے پنوعاقل سے متصل سدوجہ کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی نقل وحرکت روکنے کے لیے پولیس پکٹس قائم کی جارہی ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کمانڈوزکی جنوبی پنجاب روانگی سے قبل ان سے ملاقات کی اور خطاب بھی کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس کے کمانڈوز اور اہلکار انتہائی اہم مشن کی تکمیل میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔میں امید کرتا ہوں کہ آپ کچہ سے ان ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور بدمعاشوں کے خاتمے میں کسی غفلت یاسستی کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ 
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں پائیدار امن کی بحالی اور شہریوں میں احساس تحفظ کی فضا کو مضبوط سے مضبوط بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ کچے کے علاقوں میں پولیس نے اپنے کیمپس قائم کردئیے، اب وہاں فورس کی مستقل تعیناتی اور مرحلہ وار ڈیوٹی لگائی جارہی ہے۔ پاکستان کے قانون و آئین کے سامنے سر جھکانے والے ڈاکوؤں اور شدت پسندوں کو ریاست کی جانب سے مکمل امان ملے گی۔ 

دوسری جانب پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 297 سے ٹکٹ ہولڈر سردار خضر حسین مزاری اور سابق تحصیل ناظم سردار شمشیر مزاری کا روجھان میں ایڈیٹر ساؤتھ پنجاب جمشید رضوانی سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے مذاکرات ہونے چاہئیں جو سرنڈر نہ کرنے اسکے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ 

مزیدخبریں