پی ٹی آئی رہنما کے گھر پولیس چھاپہ، حکومت کی افسران کیخلاف کارروائی کی منظوری

پی ٹی آئی رہنما کے گھر پولیس چھاپہ، حکومت کی افسران کیخلاف کارروائی کی منظوری

ایک نیوز: پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال کے گھر پر چھاپہ مارنے والے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے خلاف کارروائی  کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کے گھر چھاپہ مارا گیا تھا جس پر پنجاب حکومت نے ڈی ایس پی ناصر مشتاق اور ایس ایچ او کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی ہے۔

دونوں پولیس افسران نے میاں اسلم اقبال کے گھر پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا تھا۔پنجاب حکومت نے ڈی ایس پی ناصر مشتاق اور ایس ایچ او کے خلاف پولیس آرڈر 2002 کے تحت کاروائی کا حکم دیا ہے۔دونوں پولیس افسران کے خلاف پولیس رولز 1934 کے تحت بھی کاروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جو کہ ناکام رہی تھی۔ پولیس کی جانب سے گرفتار کی کوشش پر میاں اسلم اقبال چکمہ دے کر بچ نکلے تھے۔پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کیلئے 50 سے زائد پولیس اہلکار اقبال پارک پہنچے تھے۔

میاں اسلم اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب کیلئے اقبال پارک میں سکرین لگا رکھی تھی، پولیس نے پارک کا گھیراؤ کیا تو میاں اسلم اقبال خاموشی سے کارکنوں کی مدد سے اقبال پارک سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔