ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ زرداری، فضل الرحمان اور مریم نواز شہباز شریف کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پارلیمان میں اعلان بغاوت کیا گیا اور ایک بار پھر ذاتی حملے ہوئے۔ سپریم کورٹ کے کسی جج سے متعلق پارلیمان میں بحث ہو ہی نہیں سکتی۔جس ملک میں آئین کو اعلانیہ توڑا جا رہا ہو وہاں کیا قانون ہوگا۔ لگتا ہے کہ زرداری، فضل الرحمان اور مریم نواز فیصلہ کرچکے اور وہ شہباز شریف کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اب یہ فیصلہ شہباز شریف کو کرنا ہے کہ وہ اپنی قربانی دینے کیلیے تیار ہیں یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، اب عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے کا وقت آچکا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر آئین کو توڑا گیا تو اسکا مطلب ہے ہر پاکستانی کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا۔ پاکستان کے عوام آئین کا دفاع کر کے دکھائیں گے۔ عوام آئینی حقوق اور اس کے دفاع کے لیے باہر نکلیں گے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ایک سال کےدوران قانون اور آئین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں اور پوری قوم کی نظریں اب سپریم کورٹ پر ہیں۔ ن لیگ انتخابی عمل سے فرار چاہتی ہے اگر سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں ہوگا تو پھر فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 297 سیٹوں پر ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ ان لوگوں کو آئین کو روندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ میں ن اور ش کی لڑائی اتنی بڑھ گئی ہے لگتا ہے شہباز شریف کو نااہل کرانا چاہتے ہیں۔