میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسی نیشن سے متعلق اطلاعات چلتی رہی ہیں، ویکسین کامعاملہ بہت شفاف ہے، حکومت تحفے اور ڈونیشن میں ملنے والی ویکسین پر انحصار نہیں کررہی، 30 مارچ سے ہم مختلف کمپنیوں سے ویکسین کی خریداری کررہے ہیں، ہم 3 کمپنیوں سے ویکسین خرید رہے ہیں، 30 کروڑ ڈوز کی ڈیل کرلی ہے، دنیا بھر میں ویکسین کی کمی ہے، ویکسین کی طلب زیادہ ہے اور سپلائی کم ہے، کئی ممالک کو ایڈوانس بکنگ کے باوجود ویکسین فراہم نہیں ہوسکی۔
کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے مردان میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے، اگر کورونا قابو میں نہ رہا تو دیگر شہروں میں بھی لاک ڈاؤن لگ سکتاہے، عوام ماسک کا استعمال کریں، آپس میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں، ہجوم میں نہ جائیں، ہمیں رمضان اور عید سادگی سے گزارنی ہوگی۔فیصل سلطان نے کہا کہ این سی او سی میں ملک کے شہروں کی صورتحال آتی ہے، کورونا کی صورتحال سے شہر کے ہیلتھ سسٹم کا اندازہ لگاتے ہیں، کورونا کے مریضوں کی سہولیات کے لئے اقدامات کررہے ہیں، ہر روز ہیلتھ کیئر سسٹم کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں، کورونا سے نمٹنے کےلیے پاک فوج تعاون فراہم کررہی ہے، پاکستان اسٹیل مل آکسیجن پلانٹ کی بحالی اور صورتحال کا ابھی بھی جا ئزہ لیا جارہا ہے۔