صوابی : سٹی تھانے میں دھماکہ ، ایک بچہ جاں بحق ،31افراد زخمی

صوابی : سٹی تھانے میں دھماکے سے 15 افراد زخمی
کیپشن: Swabi: 15 people were injured in the explosion in the city police station

ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں سٹی تھانے کے اندر زور دار دھماکا ہوا ہے  جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے ایک بچہ جاں بحق جبکہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سمیت 31افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے مال خانے میں دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا بارودی مواد شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکے سے پھٹ گیا اور متعدد دھماکے ہوئے ہیں۔

دھماکے کے بعد باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، زخمیوں کو ہرممکن علاج فراہم کیا جارہا ہے، زخمیوں میں 2 کی حالت نازک ہے۔

ضلعی پولیس آفیسر نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے جبکہ اس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا ہے،  واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو رضاکار اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی کو ہائی الرٹ بھی کردیا گیا ہے۔    

دوسری جانب وزیر اعلی ٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور  نے آئی جی پی اور چیف سیکرٹری کو فوری طور پر دھماکے کی جگہ پہنچنے کی ہدایت کردی۔ 

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے  احکامات جاری کرتے ہوئے دھماکے کی نوعیت کا تعین کر کے  رپورٹ پیش  کرنے اور متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو فوری طور ریسکیو کاروائیاں شروع کرنے کی ہدایت  کردی ہے   ۔ 

وزیر اعلی ٰ کا دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی  کی بھی ہدایت کی ہے۔