ایک نیوز: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پرنئی بلند ترین سطح دیکھی گئی ،ہنڈرڈانڈیکس نئی بلند ترین سطح 82 ہزار 905 پوائنٹس تک جاپہنچا ۔
اختتام پر ہنڈرڈانڈیکس 589 پوائنٹس کی کمی سے 81 ہزار 657 پوائنٹس پر بند ہوا،دن بھر مجموعی طور پر 444 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا،125 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 263 کے شیئرز میں کمی ہوئی۔
مارکیٹ میں 42 کروڑ 26 لاکھ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا،سٹاک مارکیٹ میں 17 ارب 64 کروڑ سے زائد مالیت کے شیئرز کے سودے ہوئے ،مارکیٹ کی بلند ترین سطح 82,905 جبکہ کم ترین سطح 81,600 پوائنٹس رہی۔
خیال رہے کہ دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کیلئے7ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی،آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹلینا جورجیویا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا قرض5فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے اعلامیہ جاری کردیا ، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالرز قرض کی منظوری دے دی ۔