ایک نیوز :پنجاب کی نگران کابینہ نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین ختم کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے ووٹنگ مشین کو ختم کردیا۔ ووٹنگ مشین ختم کرنے کا آرڈیننس الیکشن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں کیاگیا، آرڈیننس 3 ماہ تک نافذ رہے گا اور بعد میں 3 ماہ کی توسیع کابینہ کرے گی۔
نگران کابینہ کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ ووٹنگ مشین فی الحال قابل عمل منصوبہ نہیں، وقت کا ضیاع ہے، ووٹنگ مشین استعمال کرنے یا نہ کرنے کا استحقاق سیاسی حکومت کا ہے، ووٹنگ مشین کے استعمال سے الیکشن نتائج متنازع تصور ہوں گے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک ہے وہاں ووٹنگ مشین نہیں چل سکتی، ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پورا نیٹ ورک استعمال ہوگا جو حکومت کے پاس نہیں، ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پچھلی حکومت نے بجٹ میں رقم مختص نہیں کی۔
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنوردلشاد نے بریفنگ میں بتایا کہ نگران حکومت آرڈیننس کے ذریعے ای وی ایم کو ختم کر سکتی ہے۔ بزدار حکومت نے جان بوجھ کر ای وی ایم کو ایکٹ میں ڈالہ تھا ۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب الیکشن کمیشن اس پر واضع موقف رکھتا ہے کہ ای وی ایم قابل عمل منصوبہ نہیں ہے ۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ز یرصدارت کابینہ کااجلاس ہوا جس میں 9نکاتی ایجنڈے پرغور کیاگیا۔ پنجاب کابینہ نےپنجاب پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس(اپوائنٹمنٹ بائی پرموشن) سروس رولز 2020 میں ترامیم سمیت 9نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی۔
پنجاب کابینہ نے پنجاب سپورٹس انڈومنٹ فنڈمینجمنٹ کمیٹی کے قیام،ٹیکسلا میوزیم کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لئے جاپانی گرانٹ استعمال کرنے،پنجاب پبلک سروس کمیشن اورصوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹس برائے 2022 کی منظوری دیدی۔
کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے 6 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق ،بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈو بسوں کے آپریشن میں توسیع کی منظوری دیدی۔
کابینہ نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ٹیکنیکل ممبر کی تقرری،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ آئی سی ٹی بیسڈ سسٹم کے معاہدے کی تجدید،پنجاب وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی رولز 2023 کی منظوری دیدی ۔
اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے 10 ویں اور 11 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی منظوری دی گئی۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزراء،مشیران،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ حکام جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ابھی تک کوئی پلان سامنے نہیں آیا۔
محسن نقوی کاکہنا تھاکہ اکبر چوک فلائی اوور یہ ہمارا سب سے پہلا اور مین پراجیکٹ ہے، اس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس پوری روڈ کو سگنل فری کر دیا گیا ہے۔اس روڈ کے تمام یوٹرن مکمل کر لئے گئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ کاکہنا تھاکہ سیالکوٹ ایک بڑا ضلع ہے اس کا نقشہ بدلنے کے لئے کوشاں ہیں۔ امید ہے اگلے تین ماہ میں سیالکوٹ ضلع کا نقشہ بدل دیں گے۔