پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی آزادی ہے، وزارت اطلاعات

پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی آزادی ہے، وزارت اطلاعات
کیپشن: All parties including PTI have freedom to contest elections, Ministry of Information

ایک نیوز :نگراں وزارت اطلاعات کاکہنا ہے کہ  تحریک انصاف سمیت تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لینے کے لیے آزاد ہیں، نگراں وزیراعظم کے حالیہ انٹرویو کے ایک حصے کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے انٹرویو پر وزارت اطلاعات کا وضاحتی بیان سامنے آگیا۔

نگران وزیراعظم کے حالیہ انٹرویو پر وزارت اطلاعات کاکہنا تھاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مروجہ انتخابی قوانین کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق حاصل ہے، نگران وزیراعظم کے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیئے گئے انٹرویو میں ریمارکس کو غلط رپورٹ کیا گیا۔نگران وزیراعظم تجویز کر رہے تھے کہ انتخابات میں حصہ لینا ایک حق ہے لیکن جرائم پر سزا قانونی طور پر جائز ہے، یہ امر افسوس ناک ہے کہ انٹرویو کے ایک حصے کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، یہ غلط تاثر دیا گیا کہ کسی مخصوص شخص کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزارت اطلاعات کے مطابق  نگران وزیراعظم انوار الحق نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ”ہم ذاتی انتقام نہیں لے رہے، نگران وزیراعظم نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ قانون سب سے اہم ہے، چاہے عمران خان ہو یا کوئی اور سیاست دان، ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر قانون سب پر لاگو ہوگا۔نگران وزیراعظم نے کہا تھا کہ شفاف انتخابات عمران خان یا ان کی پارٹی کے سیکڑوں ارکان کے بغیر ہوسکتے ہیں جو توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر جیلوں میں ہیں، یہ اس تشدد کا حوالہ ہے جب مئی میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

 وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ انوار الحق کاکڑ نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے ہزاروں لوگ جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، سیاسی عمل چلائیں گے، وہ انتخابات میں حصہ لیں گے، پی ٹی آئی اور اس کے رہنما کسی بھی دوسری جماعت کی طرح انتخابات میں حصہ لینے کے لیے آزاد ہیں اور پی ٹی آئی یا پارٹی کے کسی بھی رہنما کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔