ایک نیوز: لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کی شیخ رشید کے بھائی کی درخواست کو لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس کی سماعت ہوئی۔ لال حویلی آپریشن کے خلاف شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق کی دائر درخواست پر سماعت کی گئی۔
متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اور لیگل ایڈوائزر عدالت میں پیش ہوئے۔ شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار عبدالرازق خان عدالت میں پیش ہوئے۔
لیگل ایڈوائزر متروکہ وقف املاک نے عدالت کے روبرو دلائل دیے کہ شیخ رشید ان کے بھائی شیخ صدیق کو دستاویزات پیش کرنے کیلئے متعدد مواقع دیے گئے۔ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کے وکلاء بار بار التواء مانگتے رہے۔
شیخ صدیق کے وکیل نے کہا کہ معزز عدالت کے احکامات پر شیخ رشید اور شیخ صدیق نے متروکہ وقف املاک میں اپیل دائر کی، ہمیں بغیر سنے لال حویلی کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، لال حویلی کا آپریشن یکطرفہ فیصلہ ہے۔
عدالت نے متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر سے تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔ تاہم عدالت نے لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کی استدعا خارج کردی۔
عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک ریکارڈ سمیت تفصیلی جواب 2 اکتوبر تک عدالت کو فراہم کرے۔ کیس کی مزید سماعت پیر 2 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔