مشن ورلڈ کپ؛ قومی ٹیم آج بھارت روانہ ہوگی

Sep 26, 2023 | 10:35 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  ورلڈ کپ کیلئے بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کر دیے ہیں عالمی چیمپئن بننے کا عزم لیے قومی ٹیم آج شب بھارت روانہ ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ویزوں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو لکھے گئے خط کے چند گھنٹے بعد دی گئی۔ پاکستان ٹیم کو ویزے روانگی سے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت پہلے دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی  ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہو رہا ہے جبکہ میگا ایونٹ سے قبل پاکستان نے 29 ستمبر کو پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔

بھارت نے ورلڈ کپ کی شریک تمام ٹیموں کو کئی روز قبل ہی ویزے جاری کر دیے تھے تاہم روایتی مخاصمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو ویزوں کے اجرا میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی تھی۔ بھارت کی ٹال مٹول پر گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو احتجاجی خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔بعد ازاں بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی کلیئرنس جاری کی جس کے بعد 15 رکنی ٹیم، 3 ریزرو کھلاڑیوں 33 ٹیم ممبران کے پاسپورٹ پر ویزے جاری کیے گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت عالمی چیمپئن بننے کا عزم لیے آج شب بھارت روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیل کر میگا ایونٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی جبکہ ورلڈ کپ میں مہم کا باقاعدہ آغاز 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کیخلاف میچ سے ہوگا۔

ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ایک لاکھ سے زائد افراد کی گنجائش والے اسٹیڈیم کی ٹکٹس آن لائن بکنگ پر چند گھنٹے میں ہی فروخت ہوچکی ہیں جب کہ شائقین کرکٹ کی دلچسپی کے پیش نظر ہوٹلوں نے اپنے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔

مزیدخبریں