ایک نیوز نیوز: رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ آج ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا۔ عید میلادالنبی ﷺ 9 اکتوبر کو منایا جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیا گیا۔ چاند کی شرعی رویت کا اعلان چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کیا۔
جس کے مطابق یکم ربیع الاول 28 ستمبر بروز بدھ جبکہ عید میلاد النبی ﷺ 9 اکتوبر بروز اتوار کو ہوگی۔
قبل ازیں رویت ہلال ریسرچ کونسل نے بھی یکم ربیع الاول 28 ستمبر 2022 جبکہ 12 ربیع الاول 9 اکتوبر اتوار کو ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق نیا چاند 26 ستمبر 2022ء کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہو چُکا ہے۔ آج بروز پیر 29 صفر المظفر 26 ستمبر 2022ء کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 16 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی جبکہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق 30 منٹوں سے بھی کم ہو گا۔
کونسل کے مطابق پاکستان کے تمام علاقوں میں مطلع انتہائی صاف ہوا تو بھی ننگی آنکھ تو کجا، ٹیلی اسکوپ سے بھی رویتِ ہلال کا بالکل کوئی امکان نہیں لہٰذا 27 ستمبر کو 30 صفر المظفر اور 28 ستمبر کو یکم ربیع الاول ہو گی۔ اس طرح 12 ربیع الاول اتوار 9 اکتوبر کو ہو گی۔